اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اطلاعات کے مطابق بحرین کی اپیل کورٹ نے ایک دھماکے کے الزام میں، جس میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا تھا، دو بحرینی شہریوں محمد رمضان اور حسین علی موسی کی پھانسی کی سزا کی توثیق کردی- بحرین کی فوجداری کی عدالت نے انتیس دسمبر دو ہزار چودہ کو ان دونوں بحرینی شہریوں کو دھماکے میں ملوث ہونے کے الزام میں پھانسی جبکہ ایک ملزم کو عمر قید اور دیگر ملزموں کو چھے سال قید نیز ایک ہزار دینار جرمانے کی سزا سنائی تھی- بحرین کی اپیل کورٹ نے محترمہ آیات صفار کو بھی تین مطلوبہ افراد کو پناہ دینے کے الزام میں ایک سال قید کی سزا سنائی ہے- قابل ذکر ہے کہ بحرین کی آل خلیفہ حکومت اپنے مخالفین سے انتقام لینے کے لئے ان کو عدالتوں سے سزائے موت اور لمبی سزائیں دلوا رہی ہے اور ان کی شہریت بھی منسوخ کر رہی ہے- بحرین میں عدالتوں اور دیگر قانونی اداروں کے اراکین کو ملک کا بادشاہ منتخب کرتا ہے- بحرین میں عدلیہ کے آزاد نہ ہونے کی بنا پر بین الاقوامی اور انسانی حقوق کے اداروں نے اس ملک کی عدالتوں کی جانبدارانہ کارکردگی پر بارہا اعتراض بھی کیا ہے- ان اداروں کا کہنا ہے کہ بحرینی عدالتوں میں طاقت کے بل پر اقبال جرم کرایا جاتا ہے اور مشکوک ثبوت و شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی جاتی ہیں- واضح رہے کہ بحرین میں دوہزار گیارہ سے حکومت مخالف وسیع عوامی تحریک جاری ہے اور بحرینی عوام ملک میں سیاسی اصلاحات کا مطالبہ کر رہے ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲